45

بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور

وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے ، پاکستان امن کیساتھ کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینا جانتا ہے ،مقبوضہ کشمیرکے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان تحریک آزادی کی جدوجہد میں ان کیساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا ۔پیر کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ہزاروں کشمیریوں کی آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی اور پاکستان کی مسلح افواج کوسلام پیش کرنے کے لئے زبردست ریلی۔ اس موقع پر ریلی میں پاک فوج زندہ باد، عمران خان زندہ باد، بیرسٹر سلطان زندہ باد،علی امن گنڈا پور زندہ باد، ہم کیا چاہتے آزادی، کشمیر کشمیریوں کا ہے، چھین کے لیں گے آزادی، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرائے، مودی کاجنگی جنون مردہ باد، کشمیریوں کا قاتل مودی، ہے حق ہمارا آزادی جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر ریلی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور علی امین گنڈا پور کی قیادت میں اپر اڈہ سے شروع ہوئی اور بعد ازاں جی پی او چوک سے آزادی چوک تک پیدل ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم نے آج یہ ریلی اسلئے نکالی ہے کہ ہم پاکستان کے جراتمندافواج کو سلام پیش کر سکیں اور وزیر اعظم عمران خان نے جس عقلمندی اور مدبرانہ طریقے سے مودی کے جنگی جنون کو خاک میں ملایا ہے ۔اس پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بھارت میں عام انتخابات آنے والے ہیں اور مودی نے انتخابات میں انتہاءپسند ہندﺅوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی ہے۔ جس میں اسے بری طرح ناکامی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جو دلیرانہ اور دانشمندانہ حکمت عملی اپنائی ہے اس سے بھارت کومنہ کی کھانی پڑی ہے۔انٹرنیشنل کمیونٹی اب جان چکی ہے کہ مودی نے انتہاءپسند ہندﺅوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے جنوبی ایشیاءکا امن خطرے میں ڈالا۔ کیونکہ پاکستان نے امن کی راہ اپنائی جبکہ مودی نے اپنے عزائم کی تکمیل کے لئے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا۔اس موقع پر وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان انکی جدوجہد میں انکے ساتھ ہے اور بھارت ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھے کیونکہ ہم جہاں امن چاہتے ہیں وہاں ہم بھارت کو بھرپور جواب بھی دے سکتے ہیں۔ بعد ازاں ریلی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی قیادت میں گاڑیوں کے ایک بہت بڑے جلوس کی صورت میں چناری روانہ ہوگئی

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں